نئی دہلی، 25/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نوٹ بند ی کے بعد بینکنگ سسٹم میں کیش ڈالنے کے عمل میں مصروف ریزرو بینک کے طاقتور مرکزی بورڈ میں 10 غیر سرکاری ڈائریکٹروں اور ایک ڈپٹی گورنر کا عہدہ خالی ہے۔مرکزی بینک نے آخری بار بورڈ کی سطح پر تقرری جون میں کی تھی، اس وقت این ایس وشوناتھن کو ترقی دے کر ڈپٹی گورنر بنایا گیا تھا۔اس سے قبل، مارچ میں حکومت نے مرکزی بورڈ میں تین غیر سرکاری ڈائریکٹروں، نٹراجن چندرشیکھرن، بھرت نروتم دوشی اور سدھیر مانکڑ کو نامزد کیا تھا۔اس کے باوجود ریزرو بینک کے مرکزی بورڈ میں 10غیر سرکاری ڈائریکٹروں کے عہدے خالی ہیں۔ڈپٹی گورنر کے خالی عہدے کے تناظر میں حکومت کو 21/اکتوبر تک 90درخواستیں موصول ہوئی تھیں، یہ درخواست بھیجنے کی آخری تاریخ تھی، ارجت پٹیل کو ستمبر میں ترقی دے کر گورنر بنائے جانے کے بعد سے یہ عہدہ خالی ہے۔فی الحال ریزرو بینک میں 3 ڈپٹی گورنر آر گاندھی، ایس ایس مندڑا اور این ایس وشوناتھن ہیں، ریزرو بینک کے گورنر اور 4 ڈپٹی گورنروں کے علاوہ مختلف علاقوں سے 10 غیر سرکاری ڈائریکٹر ہوتے ہیں،اس کے علاوہ وزارت خزانہ سے دو افسران اس میں ہوتے ہیں جن کو حکومت نامزد کرتی ہے۔